سابق ایڈمنسٹریٹر کوآپریٹوسوسائٹی اختر پٹھان کی درخواست ضمانت مسترد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان پوسٹ آفس کوآپریٹوسوسائٹی کے نام پر زمین کی کمرشل بنیادوں پر غیر قانونی فروخت میں سابق ایڈمنسٹریٹر کوآپریٹوسوسائٹی محمد اختر پٹھان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔جمعے کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے سماعت کی ۔سماعت کے موقع پر اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرنیب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سابق ایڈمنسٹریٹر کوآپریٹو سوسائٹی محمد اختر پٹھان نے دیگر سرکاری افسران کی ملی بھگت سے زمین کو کمرشل مقاصد کے لیے تبدیل کیا اور پلاٹوں کو کمرشل بنیادوں پر تبدیل کرنے کے نوٹی فکیشن پر اختر پٹھان کے دستخط موجود ہیں،ملزم کے خلاف کئی گواہوں نے بیانات قلمبند کرائے ہیں،اختر پٹھان جیل میں قید ہیں ،لہذا استدعا ہے کہ درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔ علاوہ ازیں اسی بینچ نے کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث رؤف اختر فاروقی کو ایک ماہ کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ،فاضل عدالت نے درخواست گزار کو منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی دستاویزات بطور ضمانت جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔عدالت عالیہ نے بھتہ خوری و غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ماتحت عدالت سے ملنے والی سزاؤں کے خلاف مجرم ذوالقرنین عرف سلیمان کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے مجرم کی سزاؤں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کردیا ہے۔ جمعے کو جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے سماعت کی۔