غریب ڈرائیورکو 3لاکھ کا بجلی بل-شکایت پر چور قراردے دیا
کراچی(رپورٹ:اطہر فاروقی) کے الیکٹرک حکام نے ڈرائیور کو 3لاکھ روپے کا بل بھیج دیا، درستگی کیلئے گلشن اقبال آئی بی سی جانے پر عملے نے عبدالمجید پر بجلی چوری کا الزام لگا واپس گھر بھیج دیا، متاثرہ صارف انصاف کیلئے3ماہ سے آئی بی سی کے چکر کاٹ رہا ہے۔ امت کو گلشن اقبال بلاک 13جی مدینہ کالونی کے رہائشی عبدالمجید نے بتایا کہ میرا 3 کمروں کا مکان 80 گز پر مشتمل ہے، گھر پر استعمال برقی آلات میں 3پنکھے ،6سیور ،ایک واشنگ مشین شامل ہے۔ عبدالجمید نے بتایا کہ میرے گھر میں بجلی کا استعمال انتہائی کم ہے، جس کا 3 سے 4 ہزار روپے کے درمیان بل آتا ہے، جس کی ادائیگی وقت پر ادا کرتا آرہا ہوں۔ صارف کا کہنا تھا کہ مارچ 2017 میں کے الیکٹرک حکام نے میرے گھر کے میٹر اکاؤنٹ نمبر 0400005092987 پر 16ہزار بل بھیج دیا، میں نے شکایت کئے بغیر بل ادا کردیا۔ عبدالمجید نے بتایا کہ اس کے بعد مجھے نارمل بل ارسال موصول ہوتے رہے، تاہم دسمبر 2017 میں دوبارہ 40ہزار روپے کا اضافی بل بھیج دیا گیا۔ میں نے گلشن اقبال آئی بی سی جاکر کے الیکٹرک عملے سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ مجھے ارسال کیا گیا بل درست نہیں ہے۔ عملے نے مجھے جواب دیا کہ آپ کو اس بل کی ادائیگی ہرصورت کرنی ہوگی، ورنہ بجلی منقطع کردی جائے گی۔عبدالمجید نے بتایا کہ بجلی کٹنے کے ڈر سے میں نے قرض لے کر بل بھر دیا۔ جون2018 میں میرے گھر پر 3لاکھ 7سو41روپے کا بل بھیج دیا گیا، بل لے کر پھر گلشن اقبال آئی بی سی گیا، جہاں میری ملاقات کے الیکٹرک ملازم سے ہوئی میں نے بتایا کہ میں ایک ڈرائیور ہوں، پہلے 16ہزارپھر 40ہزار کے 2اضافی بلوں کی ادائیگی کرچکا ہوں،جون میں مجھے 3لاکھ کا بل بھیج دیا گیا ہے جو درست نہیں ہے۔میں نے بجلی عملے سے کہا کہ آپ میرے گھر کا سروے کروالیں۔ کے الیکٹرک عملے نے عبدالمجید کو جواب دیا کہ آپ کے گھر کا سروے ہوچکا ہے، جہاں سے بجلی چوری کے شواہد ملے ہیں، جس پر مذکورہ بل بھیجا گیا ہے۔ عبدالمجید نے بتایا کہ میں نے اپنے اہلخانہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ گھر کا سروے نہیں کیا گیا ہے، میں نے عملے کو بتایا کہ سروے نہیں ہوا ہے، نہ ہی میں بجلی چور ہوں، لہٰذا میری نگرانی میں گھر کا سروے کیا جائے، جس پر عملے نےمجھے دفتر سے باہر نکال دیا اور کہا کہ اگر بل ادا نہ کیا تو گرفتاری سمیت بجلی منقطع کردی جائے گی۔ عبدالمجید کا کہنا تھا کہ درجنوں بار منت سماجت کے باوجود بجلی عملے نے میری ایک نہ سنی، جس پر اب مجبوراً اقساط میں ادائیگی کررہاہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ عملہ مجھ سے ناجائز رقم بٹورنے میں مصروف ہے، شکایت پر گرفتاری کی دھمکی ملتی ہے۔ انہوں نے کے الیکٹرک حکام سے اپیل کہ ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔