کپتان ۔اسٹیورڈ کے جھگڑے سے پی آئی اے پرواز میں 3 گھنٹے تاخیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کی بین الاقوامی پرواز کپتان اوراسٹیورڈ کے درمیان جھگڑے کے باعث تین گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوگئی۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور سے لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 757کو صبح ساڑھے 9بجے روانہ ہونا تھا تاہم اس دوران طیارے کے کپتان اور اسٹیورڈ کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا،کپتان انوار چوہدری نے اسٹیورڈ اویس قریشی کو جہاز میں سوار کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیورڈ لندن پرواز اسمگلنگ کیس میں ملوث رہا ہے۔کپتان کے اعتراض پر طیارے کے دیگر عملے نے بھی فلائٹ اسٹیورڈ کو سوار کرنے سے انکار کردیا جس پر عملے اوراسٹیورڈ کے درمیان کافی دیر بحث و تکرار ہوتی ہے اور اعلیٰ حکام کے بیچ بچاؤ کے بعد پرواز کو3 گھنٹے کی تاخیرکے بعد ساڑھے 12بجے اپنی منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔پرواز کی تاخیر پر طیارے میں بیٹھے مسافروں نے بھی احتجاج کیا اور عملے کے رویے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پائلٹ اور اسٹیورڈ کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔