راولپنڈی میں زمین تنازع پر 1قتل
راولپنڈی(نمائندہ امت)راولپنڈی میں زمین کے تنازع پر 43 سالہ شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ لواحقین نے آڑی سیداں میں لاش سڑک پر رکھ کر ٹریفک بلاک کر دی ۔ذرائع کے مطابق مقتول ظہیر کو نامعلوم ملزمان نے گزشتہ صبح گھر سے بلوایا اور 7بجے کے قریب فائرنگ کی آواز آئی جس پر گاؤں کے لوگ بھاگتے ہوئے موقع پر پہنچے تو ظہیر کے جسم پر گولیوں کے نشانات تھے اور وہ شدید زخمی تھا جس پراسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول ظہیر کا بحریہ ٹاؤن سے تنازع چل رہا تھا، مقتول کے تین بچے ہیں ۔ایس ایچ او ندیم ظفر نے ’’امت ‘‘کو بتایا کہ مقتول کے جسم پر 24گولیاں لگیں جبکہ لاش کو پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔اہل علاقہ اور مقتول کے رشتہ داروں کے احتجاج پر ایس ایس پی آپریشن علی رضا موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا جس کے بعد بھی لوگوں نے احتجاج جاری رکھا جس کی وجہ سے کہوٹہ روڈ بلاک اور ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مظاہرین ایس ایس پی آپریشن کی بات مان لیں گے اور مظاہرہ ختم کر کے میت کو دفنا دیں گے۔