پاکستانی معیشت کو بجلی بحران سے سالانہ 5.8 ارب ڈالر نقصا ن
اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستانی معیشت کو بجلی کے بحران کے باعث سالانہ 5.8 ارب ڈالر نقصان کا سامنا کرنا پڑا جو مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی)کے 2.6 فیصد کے مساوی ہے۔عالمی بینک کی الیکٹریفیکیشن اینڈ ہاؤس ہولڈ ویلفیئر ریسرچ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو توانائی کے شعبہ میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ توانائی کی ترسیل اور تقسیم کے مسائل پر قابو پایا جا سکے جس سے ڈسٹری بیوشن کے نقصانات پر قابو پایا جا سکتا ہے اور صارفین کے لئے توانائی کی قیمت اور ادائیگی کے مسائل کو بھی ختم کیا جا سکے گا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 97.5 فیصد آبادی کو بجلی کی سہولت دستیاب ہے جس میں 99.7 فیصد شہری جبکہ 95.6 فیصد دیہی آبادی شامل ہے۔ عالمی بینک کی تحقیق کے مطابق بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور اس کی تقسیم و ترسیل کے نقصانات پر قابو پا کر قومی معیشت کو سالانہ تقریبا 6 ارب ڈالر کے نقصانات سے تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔