کابل (امت نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے تابڑ توڑ حملے جاری ہیں، جس کے نتیجے میں65 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جوزجان، پروان، زابل، فاریاب کی متعدد چوکیوں پر قبضہ کرلیا گیا۔ کارروائیوں میں 6ٹینک بھی تباہ ہوئے۔ کابل سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فراہ کے ضلع خاک سفید میں جنگجوؤں نے ایک ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا، جس میں سوار 3اعلیٰ افسران سمیت 6فوجی مارے گئے۔افغان حکام نے 2پائلٹوں سمیت 5اموات کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث تباہ ہوا۔ وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں دہشت گردی کا عنصر شامل ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ تکنیکی خرابی کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔گورنر فراہ کے ترجمان نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں گولہ بارود موجود تھا، جس سے دھماکہ ہوا۔گرنے سے پہلے پائلٹوں نے سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم وہ ہچکولے کھاتا ہوا زمین سے جا ٹکرایا۔ ہیلی کاپٹر میں 3اعلیٰ فوجی افسر توریالئی، عبدالوارث اور عبدالرشید سمیت 6اہلکار سوار تھے۔ جسے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب امارت اسلامیہ کے مجاہدین نے اینٹی ایئر کرافٹ گن سے نشانہ بنا کر مار گرایا۔ بزدل دشمن نے بعد میں جائے وقوعہ پر موجود عام شہریوں پر ڈرون سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3افراد شہید اور اتنے ہی زخمی ہوگئے۔ طالبان نے صوبہ پروان میں افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے دفتر پر بم حملے کئے، جس کے نتیجے میں 4افراد ہلاک اور 4زخمی ہوگئے۔ صوبائی ترجمان واحدہ شاہکار کے مطابق تمام متاثرین خفیہ ادارے کے اہلکار ہیں۔ پروان ہی کے صدر مقام چاریکار شہر کے خلازئی کے علاقے میں بموں سے 2فوجی ٹینک تباہ کئے گئے، جس کے نتیجے میں 9 اہلکار ہلاک، جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے۔ایک ٹینک صوبہ زابل کے ضلع نوبہار کے مقام لوڑگئی اور 3ٹینک فاریاب کے ضلع دولت آباد میں تباہ ہوئے۔ طالبان ترجمان کے مطابق دونوں واقعات میں 35 اہلکار مارے گئے، جبکہ مجاہدین نے 3چوکیوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ ہرات کے ضلع گلران میں بم دھماکے سے پولیس چیف عبدالرسول عرف غازی زخمی، جبکہ محافظ ہلاک ہوگیا۔ طالبان نے جوزجان کے ایک ضلع قوش تپہ میں ایک چوکی پر قبضہ کرکے 3ہیوی مشین گنیں، مارٹر توپ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود ضبط کرلیا گیا۔حملے میں 4اہلکار ہلاک ہوئے۔ دوسرے ضلع قرقین کے مربوطہ علاقے میں فوجی بیس اور چوکی پر قبضہ کرکے 10اہلکار قتل کر دیئے گئے۔ صوبہ میدان میں بھی 2اہلکار ہلاک اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کر لیا گیا۔ بادغیس کی 2چوکیاں فتح ہوئی۔ کارروائی میں 5اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے، جبکہ دیگر جان بچا کر بھاگ نکلے۔