کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت میں کے پی ٹی میں جعلی بھرتیوں سےمتعلق کیس میں نیب کی جانب سے ریفرنس داخل کردیا گیا۔ عدالت نے ریفرنس میں مفرورمتحدہ کے بابر غوری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ۔ ہفتے کے روز احتساب عدالت میں کے پی ٹی میں جعلی بھرتیوں سےمتعلق کیس کی سماعت کے دوران نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کیا گیا ۔ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ کے مفرور رہنما بابر غوری اور دیگر 8 ملزمان پر کرپشن ، اختیارات کےناجائز استعمال اور 940 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔ اشتہارات کے بغیر بڑے پیمانے پربھرتیاں کی گئیں اور بڑی تعداد میں جرائم پیشہ افراد کوبھرتی کرکے قومی خزانے کو 2 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ جبکہ سابق وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور متحدہ رہنما بابر غوری مفرور ہیں ۔عدالت نے ریفرنس سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے متحدہ کے مفرور رہنما بابر غوری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ۔