وزیر تعلیم سندھ کا نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا اعلان
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف ایکشن لینے کا اعلان کر دیا۔نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم نہ ماننے والے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جاسکتی ہے اور ان اسکولوں کو بلیک لسٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد فیسوں میں سالانہ 5 فیصد سے زائد کوئی بھی اسکول اضافہ نہیں کرسکتا۔صوبائی وزیر تعلم کا کہنا ہے کہ نجی اسکول رجسٹریشن کے وقت کئی حلف ناموں پر دستخط کرتے ہیں لیکن نجی اسکولوں کے مالکان حلف نامے کی شرائط پوری نہیں کر رہے۔ان کا کہنا تھا کہ حلف نامے کے مطابق ہر نجی اسکول کو 10 بچوں کو مفت تعلیم دینی ہے لیکن نجی اسکولز مفت تعلیم دینے کی ذمےداری ادا نہیں کر رہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ ہائیکورٹ نے نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں 5 فیصد سے زیادہ اضافے کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔تاہم نجی اسکول مالکان نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے 5 فیصد اضافے کا حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔