پاکستان نے بھارت افغان تجارت کیلئے راہداری پر آمادگی کی تردید کردی

0

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے اس خبر کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے زمینی راستے کے ذریعے افغانستان اور انڈیا کے درمیان تجارت بحال کرنے پر مذاکرات کے آغاز پر آمادگی ظاہر کی ہے۔بی بی سی اردو کے پروگرام سیربین سے بات کرتے ہوئےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہورہی۔بی بی سی کے مطابق وزیر خارجہ کی جانب سے یہ تردید افغانستان میں امریکہ کے سفیر جان باس کے اس دعوے کے بعد کی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت پاکستان نے چند ماہ قبل انڈیا اور افغانستان کے درمیان تجارت کے لیے زمینی راستہ کھولنے کے حوالے سے افغانستان کے ساتھ مذاکرات کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔سیربین نے اس حوالے سے بھارت کے سابق وزیر خارجہ سلمان حیدر سے بھی بات کی جن کاکہنا تھا کہ اگرچہ دونوں ممالک کی جانب سے آج کل کچھ اشارے مل رہے ہیں کہ حالات بہتر ہوں لیکن ’مجھے نہیں لگتا کہ اس (تجارت) بارے میں کوئی بڑا فیصلہ ہو چکا ہے‘۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے نئے وزیر اعظم عمران خان نے بھی انڈیا سے تعلقات بہتر کرنے کا کہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کافی عرصے سے کچھ ہوا نہیں ہے تو امید ہے کہ کوئی پیش رفت ہو۔وزیراعظم مودی کی جماعت بی جے پی کے ترجمان سید ظفر اسلام نے کہا کہ انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی جب وزیر اعظم بنے تو پڑوسی ممالک کے رہنماؤں کو مدعو کیا گیا جس کا مقصد پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنا تھا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ حال ہی میں ایک امریکی اخبار میں خبر آئی تھی کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل باجوہ نے انڈیا آرمی چیف کو خیر سگالی کا پیغام بھجوایا تھا تو انھوں نے کہا کہ وہ اس کی تصدیق نہیں کر سکتے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More