آخری وقت اہلیہ سے دوررہنا بہت تکلیف دہ ہے-نوازشریف

0

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی ہے کہ آخری وقت اہلیہ کے ساتھ نہیں گزار سکا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی،چوہدری برادران،وزیراعظم آزادکشمیر اورچینی وفدنے بھی تعزیت کے لیے نوازشریف سے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی روح کے ایصال ثواب کیلئے جاتی امراء رائے ونڈ میں رسم قل کا اہتمام کیا گیا جس میں نواز شریف ، شہباز شریف ، کیپٹن (ر) محمد صفدر، حمزہ شہباز، سلمان شہباز ، جنید صفدر سمیت خاندان کے دیگر افراد ، قریبی عزیز و اقارب ،پارٹی کے مرکزی رہنماؤں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خواتین کیلئے الگ انتظامات کئے گئے جس میں نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر، مریم نواز سمیت خاندان اورعزیز و اقارب خواتین نے شرکت کی ۔ شریف میڈیکل سٹی کی گراؤنڈ میں بھی رسم قل ادا کی گئی جس میں پارٹی کے صوبائی رہنماؤں ، سماجی شخصیات ، دیرینہ کارکنوں اور عام عوام نے شرکت کی ۔ دونوں مقامات پر قرآن خوانی کے بعد حمد و ثناء اور نعت خوانی کی گئی اور بعد ازاں عالمی مبلغ مولانا نعیم بٹ نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا کرائی ۔ قبل ازیں پیپلز پارٹی کے وفد نے بیگم کلثوم کی تعزیت کے لیے سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔ پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری ،شریک چیئرمین آصف زرداری ،سینیٹرشیری رحمان، رحمان ملک، رضا ربانی، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی ہے کہ آخری وقت اہلیہ کے ساتھ نہیں گزار سکا، پیپلزپارٹی کی قیادت کا شکرگزار ہوں کہ اس تکلیف میں ہمارا ساتھ دیا، پیپلز پارٹی کا وفد میری اہلیہ کی نمازِ جنازہ میں بھی شریک ہوا، اور آج بھی پارٹی قیادت سمیت بڑا وفد چل کر آیا جس کے لئے شکرگزار ہوں۔سابق صدر آصف زرداری نے جمہوریت کے لئے خدمات پر بیگم کلثوم نواز کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ بیگم کلثوم نواز نڈر اور بہادر خاتون تھیں، جمہوریت اور ملک کے لئے ان کی جدوجہد کو پورا ملک یاد کر رہا ہے، ان کا انتقال شریف خاندان کے لیےبہت بڑا صدمہ ہے، ہم شریف خاندان اورمسلم لیگ (ن) کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ق) کا وفد پارٹی کے صدر اور سابق وزیرِاعظم چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں جاتی امرا پہنچا۔ان کے ہمراہ چوہدری مونس الٰہی، چوہدری راسخ الٰہی، چوہدری شافع حسین، چوہدری سالک حسین اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔چوہدری خاندان کے افراد نے نواز شریف سے ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ان سے دلی تعزیت کی۔اس موقع پر مرحومہ کی درجات بلندی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرنے بھی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔چینی قونصلیٹ کے جنرل قونصل کی قیادت میں وفد نے نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز اصادق ، رانا تنویر حسین ، برجیس طاہر ، انجینئر خرم دستگیر ،(ن) لیگ لاہور کے صدر پرویز ملک ، مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ، سندھ کے صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو، علی اکبر گجر سمیت دیگر نے بھی سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ رہنماؤں نے بیگم کلثوم نواز کی قبر پر بھی فاتحہ خوانی کی ا ور پھول چڑھائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More