گھر سے مفرور لڑکی دوبارہ بھاگ گئی – آئی جی سندھ کا نوٹس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صفورا گوٹھ سے بھاگ کر ڈیفنس آنیوالی لڑکی گذری پولیس نااہلی کے سبب دوبارہ فرار ہوگئی۔آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ گھریلو تشدد سے تنگ12 سالہ عنایہ3 روز قبل خالو کے گھر سے بھاگ کر ڈیفنس میں ایک فیملی کے گھر پہنچی تھی، جس پر مذکورہ فیملی کی جانب سے گذری تھانے میں بچی ملنے کی اطلاع دینے کیساتھ ساتھ پولیس کو ملنے والی بچی کا گھر ڈھونڈنے کو بھی کہا گیا، تاہم پولیس نے بچی کو شیلٹر ہاؤس منتقل کرنے کے بجائے اسی فیملی کو بچی اپنے پاس رکھنے کی ہدایت کی۔ مذکورہ فیملی نے پولیس کو کہا بھی کہ بچی بھاگ جائے گی لیکن پولیس نے کہا کہ نہیں بھاگے گی، تاہم عنایہ گزشتہ صبح 7 بجے مذکورہ بنگلے سے دوبارہ بھاگ گئی۔ مذکورہ فیملی کا کہنا ہے کہ عنایہ صفورہ گوٹھ کی رہائشی اور خالہ خالو کے تشدد سے تنگ آکر گھر سے بھاگ آئی تھی۔ دوسری طرف بچی کے گھر سے دوبارہ بھاگ جانے کی اطلاع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ پولیس کی غفلت و لاپروائی کا پہلو سامنے آنے پر تادیبی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچی کو فوری طور پر تلاش کرکے اسے حقیقی ورثا کے حوالے کیا جائے۔