کراچی (رپورٹ:عظمت رحمانی) میٹرک بورڈ کی غلطیوں اور کالجز کیلئے اپنائی گئی مرکزی داخلہ پالیسی (کیپ) کی ویب سائٹ میں فنی خرابی کے باعث سیکڑوں طلبہ و طالبات کے آن لائن داخلہ فارم جمع ہونے سے رہ گئے۔ میٹرک کی مارک شیٹس میں غلطیوں کے باعث کثیر تعداد میں طلبہ نے دوبارہ تصحیح شدہ نتائج کیلئے بورڈ سے رجوع کر رکھا ہے۔ شہر کے 164کالجز میں گیارہویں جماعت کے مختلف گروپوں کیلئے98 ہزار سے زائد طلبہ نے آن لائن فارم جمع کرا دیئے ہیں، گزشتہ برس کی نسبت طلبہ و طالبات کی تعداد میں ساڑھے7ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی داخلہ پروگرام کے تحت سیکریٹری کالجز ایجوکیشن ڈاکٹر پرویز سیہڑ کی ہدایات پر شہر کے کل 79 کالجز و ہائیر سیکنڈری اسکولز(میل) اور 85 کالجز و ہائیر سیکنڈری اسکولز (فیمیل) میں تعلیمی سال 19-2018 کیلئے انٹر میں داخلوں کے حوالے سے پری میڈیکل میل، فیمیل ، پری انجینئیرنگ میل فیمیل، کمپیوٹر سائنس میل فیمیل، ہیومینیٹیز میل فیمیل اور کامرس میل فیمیل اور ہوم اکناکس کی فہرستیں جاری کردی گئی ہیں۔ کراچی بورڈ سے میٹرک پاس کرنیوالے طلبہ و طالبات نے کل 95ہزار 712آن لائن درخواستیں جمع کرائیں جبکہ کراچی کے علاوہ دیگر بورڈز بشمول او لیول، ٹیکنیکل بورڈز سے کل 2430درخواستیں وصول کی گئیں ہیں۔ گزشتہ برس مجموعی طور پر 90ہزار 657آن لائن درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ امسال 4ہزار 150پری میڈیکل میل، 14ہزار 673پری میڈیکل فیمیل، 8ہزار 58پر ی انجنیئرنگ میل، 20ہزار 805پری انجینئیرنگ فیمیل، 1424کمپیوٹر سائنس میل ، 1040 کمپیوٹر سائنس فیمیل، 21ہزار 547 کامرس میل، 15ہزار 751 کامرس فیمیل، 1909ہیومینیٹیز میل،8705 ہیومینیٹیز فیمیل اور80ہوم اکنامکس کے آن لائن داخلے جمع کئے گئے ہیں ۔اس حوالے سے ڈاکٹر پرویز سیہڑ نے سیکریٹری کالجز ایجوکیشن کا چارج لینے کے پہلے ہی دن مرکزی داخلہ کمیٹی کی تشکیل نو کرکے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کے بعد 3 دن کے اندر فہرستوں کی تیاری اور اجرا یقینی بنایا تھا۔ داخلوں سے رہ جانیوالوں سمیت دیگر طلبا کیلئے37گرلز کالجز اور 27بوائز کالجز کے پرنسپلز کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ داخلے کیلئے آنے والے تمام طلبہ و طالبات کو اپنے کالج میں داخلہ فراہم کرنے کے مجاز ہیں۔ اسی طرح شہر میں37کالجز(18 بوائز اور 19گرلز) میں کلیم سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ متعدد طلبہ و طالبات کی جانب سے دسویں جماعت کے نتائج کی خرابی کی صورت میں مارک شیٹس جمع کرائی گئی ہیں، جہاں سے وصولی کے بعد ہی داخلہ جمع کرائیں گے، جبکہ خود کیپ کی ویب سائٹ کی ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے بھی متعدد طلبہ آن لائن داخلہ جمع کرانے سے رہ گئے ہیں۔ امسال میٹرک بورڈ کیجانب سے نتائج کے 3روز بعد مارک شیٹیں جاری کی گئیں، جن میں غلطیاں سامنے آئی تھیں جس کی وجہ سے طلبہ کی کثیر تعداد نے دوبارہ تصحیح شدہ نتائج کیلئے رجوع کر رکھا ہے۔