بیوی پر حملہ کرنے والا ڈی ایس پی اینٹی کرپشن پکڑا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال پولیس نے اہلیہ کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے اور سالے کو اغوا کی کوشش کے الزام میں ڈی ایس پی اینٹی کرپشن کو گرفتار کرلیا، مطابق ملزم بیوی پر قاتلانہ حملہ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کرواکر تھانے میں دھمکیاں دے رہا تھا، پولیس نے دوسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا، ملزم نے تھانہ عملے کو برطرفی کی دھمکیاں بھی دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال پولیس نے ڈی ایس پی اینٹی کرپشن وحید کلوڑ کو تھانے کے اندر سے ہی گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی بیوی فہمیدہ خاتون چند روز قبل گلشن اقبال کے علاقے جمالی گوٹھ بلاک 13D/2 گھر کے باہر ہونے والے حملے میں زخمی ہوگئی تھی۔ مذکورہ خاتون اور اسکے بھائی غلام محمد نے پولیس کو بتایا تھا کہ واقعے میں اس کا شوہر وحید کلوڑ ملوث ہے۔ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ عدالت میں خلع کا کیس چل رہا ہے اور ملزم نے عدالت میں بھی سنگین دھمکیاں دی تھیں، جس پر عدالت نے پولیس کو خاتون اور انکے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم اسکے باوجود خاتون پر حملہ ہوا، جس پر پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم مذکورہ کیس کی عدالت سے ضمانت حاصل کرکے انویسٹی گیشن افسر کے پاس پیش ہوا، تاہم اس کیخلاف درج دوسرے کیس میں اس کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کیخلاف دوسرا مقدمہ بیوی کو کاروکاری کرنے کی کوشش اور اپنے سالے غلام محمد کو اغوا کرنے کی کوشش کے الزامات کے تحت درج کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن افسر نے تھانے میں موجود افسران و عملے کو دھمکیاں بھی دی ہیں کہ اس کا بہت اثر و رسوخ ہے اور وہ تھانیدار سمیت پورے عملے کو معطل کروا دے گا، تاہم پولیس کے مطابق ملزم پر دوسرا مقدمہ الزام نمبر 427/18ملزم کے سالے غلام محمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔