واٹر بورڈ کے 200ایڈہاک ملازمین کا احتجاجی کیمپ جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹر بورڈ کے 2015میں نکالے گئے 200ایڈہاک ملازمین کا احتجاج کیمپ جاری ہے ،ایم ڈی واٹر بورڈ احتجاج کی وجہ سے پورا دن دفتر نہیں آئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں 2015میں جبری ملازمت سے نکالا گیا جبکہ انہوں نے ادارے میں کئی برس تک ملازمت کی ہے ،وفاقی حکومت کے رولز کے مطابق کوئی بھی ملازم 3ماہ تک کسی بھی اداے میں کام کرنے کے بعد ریگولر تصور کیا جاتا ہے جبکہ یہاں ایک ایک سال والوں کو بھی نکال دیا گیا جس سے قبل کوئی بھی نوٹس نہیں دیا تھا۔ واضح رہے کہ 2015میں ملازمت سے نکالے جانے کے بعد بعض ملازمین جن کی تعداد 80کے لگ بھگ ہے انہوں نے ادارے کے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کیاتھا جہاں عدالت نے ان ملازمین کی ضروری کوائف مکمل کر کے انہیں ملازمت دینے کا حکم دیا تھا جس پر واٹر بورڈ انتظامیہ کی جانب سے کوئی عمل نہیں کیا جاتا ہے۔مظاہرین کاکہنا تھا ہمیں نوکری پربحال کرکے عدالتی حکم کی تعمیل کی جائے جبکہ مظاہرین نے ایم ڈی واٹر کے ساتھ ساتھ وزیر بلدیات سعید غنی سے بھی اپیل کی گئی وہ خود مزدور دوست انسان ہیں اس لئے وہ مزدوروں کا درد سمجھ کر ان کا مسئلہ حل کریں۔ واضح رہے کہ ملازمین کے احتجاج سے لیکر شام گئے تک ایم ڈی واٹر بورڈخالد شیخ دفتر نہیں آئے اور مظاہرین کا کیمپ تاحال بھی کارساز دفتر کے باہر جاری ہے۔