پی ایم اے ۔ٹریڈ یونینزکا ادارہ امراض قلب انتظامیہ سے اظہار یکجہتی

0

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، ٹریڈ یوینز اور سوسائٹی نے قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی )کی جانب سے سندھ بھر میں دل کے امراض کی تمام طبی سہولیات تمام مریضوں کو مفت مہیا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہسپتال کی انتظامیہ کو اپنی حمایت یا یقین دلایا ہے۔ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےپی ایم اےکے رہنما ڈاکٹر ٹیپو سلطان، ڈاکٹر منظورعلی پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے سربراہ کرامت علی، نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے سربراہ ناصر منصور، ورکرز ایجوکیشن اینڈ ریسرچ آرگنائیزیشن کے سربراہ میر ذوالفقار علی، صحافی توصیف احمد نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے خلاف کچھ مفاد پرست عناصر کی جانب سے ایک منفی مہم چلائی گئی ہے، جس کو بنیاد بناتے ہوئے حال ہی میں نیب نے چھاپا مارا تھا ، جب کہ یہ حقیقت ہے کہ 2017میں نیب نےادارے کے خلاف انکوائری کے بعد اسے کلیئر قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی اچھی طبی سہولیا ت پاکستان میں کہیں بھی دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں ٹیسٹ سمیت علاج کی تمام سہولیات پر فیس لی جاتی تھی لیکن موجودہ ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر جب سے ادارے کے سربراہ بنے ہیں تمام علاج مفت کردیا گیا ہے اور اب آپریشن کے علاوہ مصنوعی دل اور دیگر آلات بھی بلا معاوضہ لگا ئے جا رہے ہیں۔ جبکہ ڈاکٹرندیم قمر کی کاوشوں سے سندھ کے دیگر اضلاع میں دل کے 8ہسپتال بنادیے گئے ہیں جہاں مریضوں کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ اسی طرح کراچی شہر میں سینے کے درد کے علاج کے لیے شہر کے اہم مقامات اور فلائی اوورز کے نیچے 7یونٹ لگائے گئے ہیں، جہاں سینے کے درد، دل کے دورے، اینجائنا کے مریضوں کو 24گھنٹے علاج کی سہولت دی جار ہی ہےجس کے باعث شہریوں کو بروقت علاج کی سہولیات میسر آرہی ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More