کسی بھی اخبار کیخلاف امتیازی سلوک نہیں کیا جائیگا- فیاض الحسن چوہان
لاہور (پ ر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی رہنمائی میں وزارت اطلاعات میں کوئی کرپشن یا بدعنوانی نہیں ہوگی۔ کسی بھی اخبار کیخلاف کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔ ریاست ، فوج ، عدلیہ ، مذہب ، اخلاقیات اور مسلمہ اقدار کے خلاف کسی بھی نوع کی غیر قانونی اور غیر آئینی تحریر یا پروگرام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئین اور قانون پر خود بھی چلیں گے اور چلائیں گے بھی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو لاہورمیں کونسل آف پاکستان نیوزپیپرایڈیٹرز کے زیراہتمام ‘‘میٹ دی ایڈیٹرز’’ پروگرام میں کیا۔ تقریب میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی ، سابق صدر ضیاشاہد، سابق سیکرٹری جنرل اعجازالحق، سینئر نائب صدر امتنان شاہد ، نائب صدور ایاز خان اور رحمت علی رازی کے علاوہ کاظم خان اور دیگر نے بھی اظہارخیال کیا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ موجودہ حکومت نے تین کیٹیگریاں بنادی ہیں ۔ قومی ، صوبائی اور علاقائی اخبارات۔کسی بھی اخبار سے کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جائے گا۔ اسی طرح آڈٹ بیورو آف سرکولیشن اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں سے متعلق ہوگیا ہے لیکن اس پر ابھی تک عمل نہیں کیاگیا ہم اس پر قانون سازی کریں گے۔ انہوں نے واضح کیاکہ اشتہارات کے حوالے سے کوئی شکایت پیدا نہیں ہوگی بے فکر رہیں میڈیا انڈسٹری اچھے طریقے سے چلے گی۔ ۔قبل ازیں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور حکومتی میڈیا پالیسی کے بارے میں پائے جانے والے ابہام پر مدیران جرائد میں پائی جانے والی تشویش کا اظہارکیا اور اشتہارات کی تقسیم میں میرٹ پر عمل کرنے پر زوردیا۔ سی پی این ای کے سابق صدر ضیا شاہد نے کہاکہ یہ عام تاثرپایا جارہاہے کہ حکومت میڈیا کودیے جانے والے اشتہارات بند کرنے جارہی ہے ایک طرف سے سپریم کورٹ کا دباو ہے اور دوسری طرف سرکاری اشتہارات کی بندش کا معاملہ ہے۔ تقریب میں سید ارشاد احمد عارف، ایم اے رؤف،اویس رؤف،علی احمد ڈھلوں ، احمد شفیق، ذوالفقار راحت، اشرف سہیل،بابرنظامی،میاں عبدالغفار،توصیف احمد خان، انتظار حسین زنجانی ،تنویر شوکت،عابد علیم ،اسلم میاں، بشیراحمد،نشید راعی،امتیازاحمدروحانی،بشیراحمد خان، زبیرمحمود،وقاص طارق فاروق، محمد اکمل چوہان سمیت مختلف اخبارات کے ایڈیٹروں نے شرکت کی۔