تعلیم و صحت میں تعاون پر پاک برطانیہ اتفاق
لاہور(خبر ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدا ر سے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے ملاقات کی گزشتہ روز لاہور میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تعلیم وصحت اور قانون کی حکمرانی کے پروگرام میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ۔برطانوی وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے پاکستان،برطانیہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں مضبوط شراکت دار ہیں ۔ برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پنجاب حکومت محنت کے ساتھ کام کررہی ہے پنجاب حکومت کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں دہشت گردی اور انتہاء پسندی ہم سب کا مشترکہ چیلنج ہے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی خوش آئند ہے۔سردار عثمان بزدار سےساجد جاوید نے ہلکے پھلکے انداز میں بھی گفتگو کی اور انہوں نے گفتگو کے دوران انگریزی کے علاوہ پنجابی اور اردو زبان میں بھی گفتگو کی جس پر شرکاء نے پسندیدگی کا اظہار کیاجبکہ ملاقات کے موقع پر موجود شخصیات نے برطانوی وزیر داخلہ کی لطیف پیرائے میں گفتگو پر مسرت کا اظہار کیا ۔برطانوی وزیر داخلہ نے وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر سردار عثمان بزدار کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا