وزیراعظم خصوصی طیارےسے سعودیہ پہنچ گئے-روضہ رسولؐ پرحاضری
مدینہ منورہ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان 2 روزہ پہلے سرکاری دورے پر خصوصی طیارے سے سعودی عرب پہنچ گئے۔گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے انکا استقبال کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فوادچوہدری اور مشیر تجارت عبد رزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضہ رسولؐ پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے،جس کےبعد عمرہ کرنے مکہ مکرمہ گئے اور حرم شریف میں نوافل بھی ادا کئے۔ وزیر اعظم کی سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں وہ چمڑے کے موزے پہن کر چل رہے تھے۔ عمران خان نےمدینہ منورہ کی سرزمین پرجوتے اتار کر قدم رکھے۔ وزیر اعظم کی سعودی قیادت سے ملاقات آج ہوگی۔عمران خان خصوصی طیارے کے ذریعے سعودی عرب گئے ہیں۔ اس پر ردعمل میں ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے کہا تھا کہ منصب سنبھالنے کے تین ماہ تک وزیراعظم بیرون ملک کا دورہ نہیں کریں گے اور یہ بھی کہا تھا کہ عمران خان بیرون ملک دوروں میں خصوصی طیارہ استعمال نہیں کریں گے۔