موبائل فون سروس صرف جلوس کے راستوں پر معطل ہوگی

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزارت داخلہ نے 9 اور 10 محرم کو سندھ میں صبح 7 بجے سے رات 12بجے تک موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔البتہ صوبے میں 3 روز تک مخصوص مقامات پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بند رہے گی۔ کراچی میں 2 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے مجالس اور جلوس کی نگرانی کی جائے گی۔اس کے علاوہ 3روز تک موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت سندھ کی طرف سے 8 محرم کو جزوی اور 9 اور 10 محرم کو صبح 7 سے رات 12 بجے تک موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ محرم کے دوران موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس بند کرنے پر اعتراض کیا تھا۔ مزید کہا گیا تھا کہ فضائی کمپنیوں اور ریلوے کے مسافر ای ٹکٹ کی سہولت کا استعمال کرتے ہیں ،جبکہ کراچی میں تمام کاروبارانٹرنیٹ کےذریعے چلتا ہے ،جس کی وجہ سے یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ موبائل فون سروس بند کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے ۔صوبائی حکومتیں اور سیکورٹی ادارے متبادل انتظام کریں۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق جلوس کی گزر گاہوں پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند رہے گی ۔مخصوص مقامات پر سروس صبح 7 بجے سے لیکر رات 12 بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جہاں مجالس اور لنگر کا اہتمام ہوگا وہاں بھی موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سندھ کے بلوچستان سے متصل شہروں میں سیکورٹی سخت رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں ۔داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی سخت کی گئی ہے۔ پولیس کی مدد کے لئے رینجرز بھی موجود ہوگی ،جبکہ جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ دادو اور دیگر شہروں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی کبیر کا کہنا ہے کہ جلوس کی گزر گاہوں اور مجالس کے مقام کے علاوہ باقی تمام مقامات پر سروس بحال رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سروس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کی گزر گاہوں پر کیمرے نصب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس،رینجرز اور خفیہ اداروں کے حکام سے ملکر سیکورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے ۔ریہرسل کی جا چکی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھی حکمت عملی مرتب کی جا چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں پاک فوج اور نیوی سے مدد لینے کی بھی منظوری دی گئی ہے ،جس سے متعلق تمام کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق کراچی میں 10،9،8 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ محکمہ داخلہ کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا، یہ پابندی پولیس کی درخواست پر لگائی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More