سپریٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں تصویر پر تنازع کھڑا ہوگیا
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف کی ضمانت کے فیصلے کے بعد شہباز شریف ،مہتاب عباسی ، سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی اور چند دیگر رہنما اڈیالہ جیل پہنچ گئے ،جہاں سپریٹنڈنٹ جیل سعید اللہ گوندل کے کمرے میں انہیں بٹھایا گیا اور نواز شریف بھی وہیں پہنچ گئے۔ اڈیالہ جیل میں قید کاٹنے والے لیگی رہنما حنیف عباسی کو بھی جیل حکام نے سپریٹنڈنٹ کے کمرے میں پہنچا دیا۔ مرتضیٰ عباسی جو جیل میں موبائل فون لے جانے میں کامیاب ہوگئے تھے انہوں نے سیلفی بنا کر اپنے بیٹےحسین مرتضیٰ کو بھیج دی جس نے اسے ٹویٹر پر شئیر کردیا، جس میں جیل پولیس کا پرچم بھی نظر آرہا تھا،جس پر تنازعہ کھڑا ہوگیا اور مخالفین نے سوشل میڈیا پر تنقید شروع کردی کہ لیگی رہنما کس طرح سپریٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں لے جائے گئے اور خصوصاً سزا یافتہ حنیف عباسی کیوں موجود تھے۔ دریں اثنا نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کو پروٹوکول میں نور خان ائیر بیس لے جایا گیا جہاں وی وی آئی پی راول لاؤنج سے انٹری ہوئی اور خصوصی طیارے سے لاہور پہنچے۔