کوہاٹ پولیس نے 4مغوی بازیاب کرالیے – 3ملزمان گرفتار
کوہاٹ (بیورو رپورٹ )کوہاٹ پولیس نے تاوان کی غرض سے اغواء ہونیوالے چار مغوی بازیاب کرکے تین اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو تین روز قبل موٹر کار گاڑی خریدکردینے کے بہانے بلا کر اغوا کیا گیا تھا۔اغوا کاروں نے مغویو ں کی رہائی کے بدلے چالیس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔بلی ٹنگ پولیس نے اغوا کاروں کو اورکزئی روڈپر مرئی کے قریب موٹر کار سے اسوقت گرفتار کیا جب وہ مغویوں کو قبائلی ضلع اورکزئی سے کسی دوسرے نامعلوم مقام پر منتقل کررہے تھے۔کارروائی کے دوران گرفتار اغواکاروں کے قبضے سے مغویوں کی موٹر کار گاڑی اور پانچ لاکھ روپے تاوان کی نقدرقم بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ اغوا کاروں نے مغویوں کوقبائلی ضلع اورکزئی میں قید کرکے تاوان کی رقم پانچ لاکھ روپے مغوی بخت نظر کے بنک اکاؤنٹ سے نکلوائے تھے۔قبائلی ضلع اورکزئی سے تعلق رکھنے والے اغواکاروں کی موجودہ رہائش کوہاٹی ڈھوک بلی ٹنگ میں ہے جنکے خلاف تھانہ بلی ٹنگ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایس پی انوسٹی گیشن جہان زیب خان اور ڈی ایس پی صدر روخان زیب نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اغوا واردات کے بارے میں بتایا کہ 14ستمبر کو مبینہ اغوا کاروں سید جمیل ولد خان بادشاہ اسکے بیٹے عرفان ساکنان اورکزئی حال کوہاٹی ڈھوک بلی ٹنگ اور اورکزئی میں رہائش پزیر انکے چچا زاد سیف اللہ نے ایبٹ آباد کے رہائشی افراد پیر نواب ولد مسکین،رحمت زادہ ،امیر زادہ پسران دلبر اور بخت نظر ولد گل نظر کو گاڑی خریدنے کے بہانے بلا کر انکے اغوا کا منصوبہ بنایا اور انہیں موٹر کار خریدنے کیلئے قبائلی ضلع اورکزئی لے جاکر وہاں قید کرلیا اور انکی رہائی کے بدلے چالیس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ اغواکاروں نے قید میں رکھے گئے ایک مغوی بخت نظر کیساتھ موجود بنک چیک کے ذریعے پانچ لاکھ روپے کی نقد رقم انکے بنک اکاؤنٹ سے اس طرح نکلوائی کہ جب مغوی کی بنک چیک متعلقہ بنک بھیجی گئی تو بنک عملے نے رابطہ نہ ہونے پر چیک کیش کرنے سے انکار کیا تاہم بعد ازاں اغواکاروں نے مغوی کا بنک عملے کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ کروا کر انکے کہنے پر بنک سے مزکورہ رقم نکلوائی۔ڈی ایس پی روخان زیب نے کہا کہ اڑتالیس گھنٹے کے اندراغوا واردات کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گزشتہ روز ایک خفیہ اطلاع پر ایس ایچ اوتھانہ بلی ٹنگ رسول رحمان نے پولیس نفری کے ہمراہ کامیاب کارروائی کی اور کوہاٹ اورکزئی روڈ پر مرئی کے علاقے میں ناکہ بندی کے دوران اورکزئی سے آنیوالے ایک مشکوک موٹر کارکو روک کر اسمیں سوار تین اغواکاروں سید جمیل انکے بیٹے عرفان اور چچا زاد سیف اللہ کو گرفتار کرکے انکے چنگل سے چاروں مغوی افراد پیر نواب،امیر زادہ،رحمت زادہ اور بخت نظر کو رہا کردیا۔