آبپاشی کیلئے سولر پینلز تنصیب پر 80فیصد سبسڈی کا اعلان
راولپنڈی ( اے پی پی )محکمہ زراعت پنجاب نے صوبہ بھر میں ڈرپ و سپرنکلر اریگیشن کے فروغ کے لیے سولر پینلز کی تنصیب پر 80فی صد رعایت جبکہ ٹنل فارمنگ کے فروغ کے لیے ٹنل کی تنصیب پر 50فی صد رعایت دینے کا اعلان کر دیا ۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نےبتایاکہ ڈرپ و سپرنکلر ذریعہ آبپاشی کے ذریعے پانی کے کم استعمال سے زیادہ فائدہ اٹھایاکیا جا سکتا ہے کیونکہ اس وقت دنیا کے بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں ڈرپ و ایریگیشن ٹیکنالوجی کا ہی استعمال کیا جاتا ہے ۔ترجمان نے بتایاکہ دنیا کے دیگر ممالک سمیت پاکستان میں بھی زیر زمین آبی ذخائر میں کمی واقع ہو رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں نظام آبپاشی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جبکہ دوسری جانب ٹنل فارمنگ کے فروغ سے سال بھر ہر قسم کی سبزیاں باسہولت اگائی جا سکتی ہیں اور کاشتکار اپنے منافع میں خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں ۔ان وجوہات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ٹیکنالوجی پیکج پیش کر دیا ہے اور صوبہ بھر میں ڈرپ نظام آب پاشی چلانے کیلئے سولر سسٹم اور سبزیوں کی کاشت کیلئے ٹنل ٹیکنالوجی کی تنصیب کیلئے درخواستیں مانگ لی گئی ہیں۔ محکمہ زراعت راولپنڈی کے ترجمان ہارون احمد خان کے مطابق زراعت حکومت پنجاب زرعی پیداوار کو بڑھانے کیلئے جدید اور منافع بخش کاشتکاری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔اس ٹیکنالوجی پیکج سے پانی کی بچت کی جاسکتی ہے۔پیداوار میں نمایاں اضافہ اور پیداواری اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہو گی ۔ٹنل فارمنگ کے ذریعے کھاد و کیمیائی اجزا کا بہتر استعمال ہوگا۔ ڈرپ نظام آبپاشی اورٹنل ٹیکنالوجی غیر ہموار زمینوں یعنی پوٹھوار کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ٹنل ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کیلئے اور سبسڈی حاصل کرنے کیلئے ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت / ڈپٹی ڈائریکٹر / اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت واٹر مینجمنٹ کے دفتر سے درخواست فارم حاصل کئے جاسکتے ہیں یا www.ofwm.agripunjab.gov.pk ویب سائیٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔