چیمپئنز لیگ میں کرسٹیانو رونالڈو کو میدان بدر کردیا گیا
لندن (امت نیوز)یوئیفا چیمپئنز لیگ کے آغاز میں ہی امپائر کی جانب سے ریڈ کارڈ دکھا کر گراونڈ سے باہر جانے کا کہنے پر کرسٹیانو رونالڈو رو پڑے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یوئیفا چیمپئنز لیگ کا آغاز شہرہ آفاق فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے لیے خوشگوار ثابت نہیں ہوا۔ اطالوی فٹبال کلب یووینٹیس سے اپنے ڈیبیو میچ میں پرتگالی فٹبالر کو کھیل کے پہلے ہاف میں ہی ریڈ کارڈ دکھا کر گراونڈ سے باہر کردیا گیا۔اسٹار فٹبالر رونالڈو اور اطالوی فٹبال کلب یووینٹیس کے کھلاڑیوں نے ریفری کے فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مخالف ٹیم کا دفاعی کھلاڑی خود زمین پر گرا اور زخمی ہونے کی اداکاری کر رہا تھا۔ رونالڈو نے اسے اٹھانے کے لیے سر پر ہاتھ رکھا تھا۔اطالوی کھلاڑیوں کے احتجاج پر ریفری نے گراونڈ کے کنارے پر موجود معاون ریفری سے بھی مشاورت کی اور معروف فٹبالر کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراونڈ سے باہر جانے کے لیے مجبور کردیا۔کھیل کے پہلے ہاف میں گراونڈ سے باہر ہونے پر سپر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو دل برداشتہ ہو گئے اور زار و قطار رونے لگے۔ ان کی آںکھوں میں آنسو آگئے اور چہرہ غم کی تصویر بن گیا۔ وہ کچھ دیر کے لیے سر پکڑ کر اسٹیڈیم میں ہی لیٹ گئے۔