پاک بھارت کشیدگی سے آج میچ بھی ہائی وولٹیج بن گیا

0

دبئی (امت نیوز) پاک بھارت کشیدگی کے باعث ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج پاک بھارت میچ بھی ہائی وولٹیج بن گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم جمعہ کو افغانستان کو شکست دینے کے بعد آج کے بڑے معرکے میں بھارت کو ہرانے کیلئے پُرعزم ہے۔ دوسری جانب بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں کے بعد آج کے میچ کے لئے پاکستانی شائقین کا جوش و خروش مزید بڑھ گیا اور قومی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرنے کے لئے تیاری کرلی ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی پاکستانیوں کی جانب سے بھارتیوں کو پُرجوش انداز میں چیلنج کیا جا رہا ہے۔ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک میچ کھیلا جاچکا ہے، جس میں بھارت نے قومی ٹیم کو باآسانی شکست دی، تاہم کل بھارت کے ہاتھوں بنگلا دیش اور پاکستان کے ہاتھوں افغانستان کی ہار کے بعد ایشیا کپ میں ایک اور بڑا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا، جس کے لئے شائقین ایک بار پھر بے قرار ہیں۔اس ہائی وولٹیج میچ میں جس ٹیم نے کامیابی حاصل کی اس کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہوجائے گی، جبکہ جمعہ کو شعیب ملک کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی۔اس میچ میں امام الحق نے 80رنز اور بابر اعظم نے 66رنز کی اننگز کھلیں۔ پاکستان کو آخری اوور میں 10رنز درکار تھے۔ شعیب ملک نے پہلے چھکا اور پھر چوکا لگا کر پاکستان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد فتح سے ہمکنار کروایا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ شروع ہونے سے قبل ہر جانب صرف پاک بھارت مقابلے کی باتیں ہو رہی تھیں اور اب بھی اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ فائنل انہی 2ٹیموں کے درمیان ہوسکتا ہے، لیکن گروپ میچ کے یکطرفہ ہونے کے بعد پاکستانی شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم انہیں اب بھی امید ہے کہ آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم اسی انداز میں حساب بے باک کرسکتی ہے، جیسا کہ اس نے گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی میں کیا تھا۔ یاد رہے کہ چیمپینز ٹرافی کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 124رنز سے شکست دی تھی۔اس میچ میں پاکستانی ٹیم صرف 164رنز بناسکی تھی، لیکن پھر فائنل میں پاکستان نے بھارت کو صرف158رنز پر آؤٹ کرکے 180رنز سے حساب چکا دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More