شاہ لطیف – کورنگی میں مزید 2 اغواکار رنگے ہاتھوں پکڑے گئے – بچیاں بازیاب

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں اغوا کی مزید 2 وارداتیں ناکام ہوگئیں۔پولیس نے شاہ لطیف ٹائون اور کورنگی میں اغوا کاروں کو گرفتار کرکے 2 بچیوں کو بازیاب کرالیا۔2 روز قبل کورنگی میں ہی بچے کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی تھی۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون کے علاقے عبداللہ گوٹھ میں پولیس نے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اغواءکار خالد محمود کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے 8 سالہ مہوش دختر واجد علی کو بازیاب کروالیا۔’’امت‘‘ کو ایس ایچ او گل بیگ نے بتایا کہ ملزم خالد گلی میں بچی کو اکیلا کھیلتے دیکھ کر چیز دلانے کے بہانے گود میں اٹھا کر اغواء کر کے لے جا رہا تھا کہ بچی کے شور مچانے پر چند افراد نے گھروں سے نکل کر ملزم کو پکڑ نے کی کوشش کی، اس دوران گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر بچی کو بازیاب کروالیا ہے ۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 588/2018 درج کرلیا ہے۔ڈی ایس پی علی حسن شیخ نے بتایا کہ ملزم کا تعلق رحیم یار خان سے ہے ۔وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ حسن پھنور گوٹھ میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔ملزم نے بیان دیا کہ میرے 2بیٹے ہیں، لیکن بیٹی نہ ہونے کی وجہ بچی کو اغوا کرکے لے جارہا تھا۔آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام اور کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے پولیس پارٹی کو شاباش دی ہے۔ادھر یوم عاشور پر کورنگی نمبر2سیکٹر 33 ایف میں گلی میں کھیلنے والی 10سالہ بچی دعا کو رکشہ ڈرائیور چیز دلانے کے بہانے رکشہ میں بیٹھا کر لے کر جارہا تھا کہ بچی نے شور مچا دیا، جس پر علاقہ مکین ملزم کو پکڑنے کی کوشش کررہے تھے کہ اسی اثنا میں گشت پر مامور پولیس موبائل پہنچ گئی۔پولیس نے اغواء کار نظیر احمد میرانی کو گرفتار کرتے ہوئے بچی کو بازیاب کروالیا۔پولیس نے بتایا کہ دعا گھر کے قریب کھیل رہی تھی کہ ملزم نے چیز دلانے کے بہانے زیادتی کی نیت سے اغواء کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 388/18درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کورنگی میں کچرا چننے کی آڑ میں بچے اغوا کرنے والے گروہ کے ایک کارندے کو بھی رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More