بلوچستان سے لائی جانیوالی منشیات کی بھاری کھیپ پکڑی گئی – 2 گرفتار

0

میرپور خاص/ جیکب آباد (بیورو رپورٹ/ مانیٹرنگ ڈیسک) میر پور خاص اور جیکب آباد میں بلوچستان سے لائی گئی منشیات کی بھاری کھیپ پکڑ کر پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔ منشیات کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص پولیس کی جانب سے مضر صحت گٹکے کی تیاری اور فروخت کرنے والوں سمیت اندرون ملک سے میرپورخاص میں مضر صحت انڈین گٹکے کی اسمگلنگ کو روکنے کے خلاف کارروائی جاری ہے گزشتہ رات تعلقہ تھانے اور سی آئی اے پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے میرواہ روڈ سمن گوٹھ اسٹاپ کے قریب ایک ہینو ٹرک جو کہ کوئٹہ سے براستہ میرپورخاص جھڈو جا رہا تھا ۔ہینو ٹرک میں سیب لدے ہوئے تھے ٹرک کو روک کر پولیس نے اس کی تلاشی لی تو اس میں سے تقریبا ڈھائی کروڑ مالیت کا انڈین سفینہ گٹکا برآمد ہوا۔ پولیس نے ٹرک نمبرپی کے آئی431 کو اپنی تحویل میں لے کر ٹرک ڈرائیور محمد عیسیٰ اور محمد حیات کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے،اطلاع ملنے پر ایس ایس پی عابد علی بلوچ نے موقع پر پہنچ کر برآمد ہونے والے گٹکے کا معائنہ کیا اور پولیس پارٹی کو شاباش دی ۔اس موقع پر عابد علی بلوچ نے کہا کہ ضلع کو منشیات سے پاک کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور یہ بھی پتہ لگایا جارہا ہے کہ یہ گٹکا کس کے پاس جا رہا تھا۔ ادھر چمن سے حیدر آباد لائی جانیوالی چرس جیکب آباد میں پکڑی گئی۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر بائی پاس کے مقام شنمبے شاہ چوکی پر چیکنگ کی گئی ،جس کے نتیجے میں پولیس نے بلوچستان سے آنے والی ایک ڈاٹسن نمبر کے ایم 1598 کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے 154کلو چرس برآمد کرلی، جس کی مالیت عالمی منڈی میں لاکھوں روپے ہے۔ گاڑی میں سوار ایک ملزم عبدالخالق ولد بار محمد اچکزئی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفتیش کے دوران ملزم ڈرائیور نے بتایا کہ چرس چمن سے حیدر آباد لے جائی جارہی تھی ۔ملزم سے گروہ کے متعلق تفتیش جاری ہے ،جلد مزید گرفتاریاں بھی ہونگی۔ گرفتار ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت تھانہ صدر پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More