دتہ خیل میں 9 دہشت گرد ہلاک – کیپٹن سمیت 7 شہید

0

بنوں/باجوڑ (مانیٹرنگ ڈیسک/ نمائندگان امت)شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران9دہشت گرد ہلاک اور کیپٹن سمیت 7اہلکار شہید ہو گئے۔آپریشن دہشت گردوں کے ایک گروپ کے سرحد پار سے داخل ہونے اورایک کمپاؤنڈ میں چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے کو کلیئر کردیا گیا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے بمبارسمیت 2دہشت گردوں کوہلاک کر دیا۔ مارے جانے والوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کا نائب آپریشنل کمانڈر شامل ہے ،جو انتہائی مطلوب تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن رد الفساد کے تحت پاک فوج نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر شمالی وزیرستان کے علاقوں گرلامی اور سپیرا کنٹر میں آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ علاقے میں دہشت گردوں کے ایک گروپ کی سرحد پار سے آکر کمپاؤنڈ میں چھپنے کی اطلاع تھی۔دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے افسرسمیت 7 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ شہدا میں کیپٹن جنید،حوالدار عامر، حوالدار عاطف، حوالدار ناصر، حوالدار عبدالرزاق، سپاہی سمیع اور سپاہی انور شامل ہیں۔ شہدا کی میتیں تدفین کے لئے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔آپریشن میں مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر کردیا۔ واضح رہے کہ دتہ خیل سمیت شمالی وزیرستان میں2007 کے بعد سے ڈیڑھ سو سے زیادہ امریکی ڈرون حملے ہو چکےہیں۔دریں اثنا ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے پہاڑی علاقہ گٹ آگرہ میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان باجوڑ کے نائب آپریشنل کمانڈرسمیت 2دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ذرائع کے مطابق ہلاک کئے جانے والے کالعدم ٹی ٹی پی کے نائب آپریشنل کمانڈر کا تعلق لوئی ماموند سے بتایا جاتا ہے اوراس نے خود کش بیلٹ پہنی ہوئی تھا۔اس کا شمار انتہائی مطلوب دہشت گردوں میں ہوتا تھا ،جو طالبان کے نام پر بھتہ لینے،ملکانان پر حملوں، بم دھماکوں اور دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں میں ملوث تھا۔ وہ اس وقت ضلع باجوڑ کے تحصیل لوئی ماموند، وڑ ماموند اور تحصیل ناوگئی کے بعض علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان باجوڑ کا انچارج تھا۔ مارے جانے والے دوسرے دہشت گرد کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش بیلٹ، تین پستول، نو ایم ایم کے تیس کارتوس، ایک موبائل فون اور ایک ٹارچ بر آمد کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More