ترک کمپنی حیات کیمیا پاکستان میں 33کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی

0

فیصل آباد(امت نیوز) عالمی شہرت یافتہ ترک کمپنی حیات کیمیا نے پاکستان میں حفظان صحت کیلئے تیار مصنوعات کے شعبے میں 33 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کامنصوبہ بنایا ہے۔ اس مقصد کیلئے کمپنی نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کیساتھ کام کا آغاز کردیا ہے، جبکہ 100ایکڑ زمین بھی حاصل کرلی گئی ہے، جہاں 33کروڑ ڈالر کی لاگت سے بڑے پیمانے پر اسٹیٹ آف دی آرٹ پیداواری یونٹ لگایا جائے گا۔ کمپنی ابتدائی طور پر بچوں اور خواتین کیلئے مولفکس ڈائپرز، فیمیلیا ٹوائلٹ پیپر، فیشل ٹشوز سمیت پیپر ٹاولز متعارف کرائے گی۔ ایف آئی ای ڈی ایم سی کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی کے مطابق حیات کیمیا کی حفظان صحت کیلئے تیار 29سے زائد مصنوعات 100سے زائد ملکوں میں مقبول عام ہیں، جبکہ اس کا سالانہ کاروبار3ارب ڈالرز سے زائد ہے، حیات کیمیا سال 2020کے وسط تک پاکستان میں اپنی مصنوعات کی پیداوار شروع کر دے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی حفظان صحت کے مقاصد کیلئے مصنوعات کی تیاری کیلئے ملک میں اعلیٰ معیار کی جدید مشینری نصب کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی ایشیا کے ممالک کو ترک کمپنی کی مصنوعات برآمد کی جا رہی ہیں، تاہم پاکستان میں پیداوار شروع ہونے کے بعد یہاں سے جنوبی ایشیا کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حیات کیمیا پاکستان میں دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرے گی، تاہم انہوں نے مذکورہ شعبوں کی تفصیل نہیں بتائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More