دو برس سے بجلی بندش کے باوجود مکینوں کو لاکھوں کے بل ارسال
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گلشن غازی بلاک اے میں دو برس سے بجلی نہ ہونے کے باوجود کے الیکٹرک انتظامیہ نے مکینوں کو لاکھوں روپے بل ارسال کردئیے ۔تفصیلا ت کے مطابق گلشن غازی بلاک اے میں گزشتہ 2سالوں سے مکینوں کی بجلی منقطع کی ہوئی ہے‘معلوم ہوا ہے کہ گلشن غازی میں 2016میں پہاڑی تودا گرگیا تھا جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور درجن سے زائد مکین زخمی ہوئے تھے‘ریسکیوآپریشن میں دشواری کے باعث کے الیکٹرک حکام نے گلشن غازی بلاک اے میں نصب بجلی کے پول ہٹادئیےتھے جس کی وجہ سے بجلی منقطع ہوگئی‘مکینوں نے کے الیکٹرک حکام سے رابطہ کیا تو کہاگیا کہ ریسکیوآپریشن چل رہا ہے یک ماہ میں بجلی کا مسئلہ حل کردیا جائےگا بجلی بحال نہ ہونے پرعلاقہ مکین آئی بی سی گئے تو انہیں بھگا دیا گیا اور 2سال گذر جانے کے باوجود بجلی فراہم نہیں کی گئی‘معلوم ہوا ہے کہ کچھ ماہ قبل مکینوں کو لاکھوں کے بل ارسال کیئے گئے جس پر مکینوں نے کے الیکٹرک حکام سے ملاقات کی تو انہیں بتایا گیا کہ آپ لوگ 2سال سے بجلی استعمال کررہے ہیں جس کے باعث آپ کو بل ارسال کیا گیا ہے ‘امت کو علاقہ مکین اکرم نے بتایا کہ علاقہ دو برس سے بجلی سے محروم ہےتاہم کے الیکٹرک حکام نے اگست 2018 میں 2لاکھ 90ہزار روپے کا بل ارسال کردیا ۔رسول شاہ نے بتایا کہ 2سال بعد گلشن غازی بلاک اے میں کیبل ڈالنے اور پول نصب کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ کے الیکٹرک کے ملازم راؤ شریف اور امام مکینوں سے فی گھر 15ہزار روپے وصول کررہے ہیں‘انہوں نے بتایا کہ میں غریب شہری ہوں 15ہزار روپے کی ادائیگی نہیں کر سکتاہوں‘میری اعلیٰ حکام سے درخواست ہے کہ غیر قانونی وصولی کیخلاف کارروائی کی جائے۔