3 بھائیوں کا ڈکیت گروہ ساتھی سمیت پکڑا گیا

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے جدید اسلحے سے لیس ہو کر مختلف دکانوں پر ڈکیتی اور قتل کی وارداتوں میں ملوث 3 بھائیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ملزمان 2012سے سیکڑوں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسف اور ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل منیر شیخ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے خصوصی کارروائی اور اسنیپ چیکنگ کے دوران 4ملزمان آصف، توصیف عرف بنگالی، راقب، ذیشان عرف زشو کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 17گولیاں، 2ایم پی فائیو مشین گن،2 پستول،9موبائل فونز، 2موٹر سائیکلیں اور نقدی برآمد کرلی۔ ایس ایس پی منیر شیخ کاکہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں 3بھائی ہیں ،جبکہ ملزم آصف گینگ کا سرغنہ ہے۔2013میں پہلی مرتبہ اپنے بھائی راقب کے ہمراہ رضویہ میں گرفتار ہو کر جیل گیا اور 2ماہ بعد ضمانت پر رہا ہوگیا۔ملزمان روزانہ 6سے زائد وارداتیں کرتے تھے۔ملزم آصف نے اپنے بھائیوں کے ہمراہ نجی اسپتال سے ایم پی فائیو مشین گن چھینی تھی۔ ملزمان پیسے لے کر قتل کی واردات بھی کرتے تھے۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزم توصیف نشہ کرنے کا عادی ہے اور نشہ کر کے وارداتیں کرتا تھا، ملزم راقب ایک مقابلے میں زخمی بھی ہوا تھا۔ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے پاک کالونی میں ماربل کی دکان کے باہر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کیا تھا ،جس کے عوض اس کو 2لاکھ روپے اور 2موٹر سائیکل ملی تھیں۔ناگن چورنگی پر بھی ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کیا، جبکہ ملزم ذیشان 2009سے وارداتوں میں ملوث ہے۔اغوا برائے تاوان کے کیس میں جیل گیا اور 25سال کی سزا میں کمی کے بعد صرف 5سال میں رہا ہوگیا۔2018میں جیل سے آیا اور وارداتوں میں مصروف ہوگیا۔ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ چند روز قبل ملزمان نے پاک کالونی میں کھلے عام جدید اسلحہ کے ساتھ دکانیں لوٹی تھیں ،جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو ملی تھی اور فوٹیج میں ملزمان کی شناخت کے بعد ان کو گرفتار کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More