ڈاکٹر پرویز محمود کی زندگی وشہادت ہمارے لئے مشعل راہ ہے -حافظ نعیم الرحمن
کراچی (اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے امن کو تباہ کر نے اور کراچی کو کھنڈر بنانے والے چہروں کو بے نقاب کر نے کے لیے ڈاکٹر پرویز محمود نے کراچی کے عوام کے لیے اپنی جوانی کھپا دی اور کراچی کی عوام کو بھتہ خوروں اور قاتلوں سے نجات دلانے کی جدو جہد میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا ۔ڈاکٹر پرویز محمود شہید کی زندگی وشہادت ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے ۔کراچی کے ایسے عظیم رہنماؤں کایاد رکھنا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کر نا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی پریس کلب میں احباب و رفقاء کی جانب سے منعقد کی جانے والی شہادت کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد، مسلم لیگ (ق)سندھ کے جنرل سیکریٹری طارق حسن،کراچی پریس کلب کے صدر احمدخان ملک ،جے یو پی کے رہنما قاضی احمد نورانی ،پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل شیخ ،چیئرمین مہاجر قومی لیگ فرید خان ،پی پی رہنما سہیل عابدی، مولانا سلطان محمود ،جامعہ ربانیہ ناظم آباد کے مہتمم مولانا شمس الہدیٰ ،مرزا فرحان بیگ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے شہادت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ ڈاکٹر پرویز محمود شہید کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے ان کے مقاصد کو پورا کرنا ہوگا ، کراچی میں امن وامان کی صورتحال بحال کرنے میں شہیدوں کا لہوبھی شامل ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ملک و قوم کی خاطر ،شہر کی تعمیر وترقی کی خاطر شہید کے مشن کو آگے بڑھائیں اور شہر کراچی کو چمکتا دمکتا شہر بنائیں ۔شکور شاد نے کہاکہ شہیدمنفرد شخصیت اور بہادر انسان تھے ۔