یونیورسٹی سینیٹ میں جامعہ اردو اسلام آباد کی نمائندگی کیلئے قرارداد

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی کی نامزد کنندہ کمیٹی کے منتخب اراکین ڈاکٹر افتخار طاہری اور ڈاکٹر عرفان عزیز نے یونیورسٹی سینیٹ میں اسلام آباد کیمپس کی نمائندگی شامل کرنے کی متفقہ قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قرار داد کی روشنی میں یونیورسٹی سینیٹ میں اسلام آباد کیمپس کے اساتذہ کی نمائندگی کیلئے ضروری کارروائی مکمل کروائیں۔ یونیورسٹی کی نامزد کنندہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹ کی رکنیت میں اضافےکیلئے قرار داد پیش کی گئی، جس پر اجلاس میں شریک تمام اراکین نے اتفاق کیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر خالد محمد خان(جامعہ کراچی)، ڈاکٹر ریاض احمد(جامعہ کراچی)، ڈاکٹر معین الدین عقیل، رومانہ حسن ، اقبال خان، ڈاکٹر افتخار طاہری اور ڈاکٹر عرفان عزیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وائس چانسلر بھی شریک ہوئے۔ قرار داد یونیورسٹی سینیٹ کے 36 ویں اجلاس میں کئے گئے فیصلے کی روشنی میں منظور کی گئی، جس میں رجسٹرار کو رکنیت میں اضافے سے متعلق ضروری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ وفاقی اردو یونیورسٹی 3 کیمپسز پر مشتمل ہے، جن میں سے 2 کراچی جبکہ ایک اسلام آباد میں قائم ہے۔ یونیورسٹی کے اعلی ترین ادارے سینیٹ میں یونیورسٹی کے قیام سے لیکر اب تک صرف 2 اساتذہ نمائندوں کو شامل کیا جاتا رہا ہے۔ اساتذہ کا یہ دیرینہ موقف رہا ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کی سینیٹ میں اسلام آباد کیمپس کی نمائندگی بھی شامل کی جائے تاکہ یونیورسٹی سینیٹ میں تینوں کیمپسز کے نمائندہ اساتذہ شامل ہوسکیں۔ انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی (عبدالحق کیمپس) اسلام آباد اور گلشن اقبال کیمپس کے اساتذہ نے نامزد کنندہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین کی جانب سے کمیٹی اراکین کیساتھ نامناسب رویے کی مذمت کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More