گورنر ہاؤس لاہور میں لکڑی کا پل ٹوٹنے سے شہری جھیل میں جاگرے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک؍خبرایجنسیاں)گورنر ہاؤس لاہور میں جھیل پر بنا ہوا لکڑی کا پل ٹوٹ گیاجس سے پل پر چڑھے ہوئے شہری جھیل میں گر گئے، ہم عوام کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہےاطلاع ملنے پر گورنر ہاؤس انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔جھیل میں گرنے والے افراد اور پل کے دوسری جانب پھنسے افراد کو فوری نکال لیا گیاتفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس لاہور کو شہریوں کیلئے دوسری بار کھول دیا گیاشہریوں کی بڑی تعداد سیر کیلئے گورنر ہاؤس پہنچ گئی، اسی دورران شہری لکڑی کے بنے ہوئے کمزور پل پر چڑھ گئے جو بوجھ برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا اس پر شہری جھیل میں گر گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گورنر ہاؤس انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور جھیل کی طرف جانے والے راستے بند کردیئے ،انتظامیہ نے شہریوں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔دریں اثنا گورنر ہاؤس کا مخصوص حصہ فیملیز کیلئے کھلا رہا۔ سہانے موسم کا مزہ دوبالا کرنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد نے گورنر ہاؤس کا رخ کیا۔کسی نے پارک کی سیر کی تو کسی نے چڑیا گھر میں اپنی پسند کے جانوروں کے ساتھ فوٹو سیشن کیا۔شہریوں نے گورنر ہاؤس کو بہترین تفریح گاہ قرار دیتے ہوئے حکومت کے اقدام کوخوب سراہا۔گورنر پنجاب چودھری سرور بھی گورنر ہاؤس پہنچے اور شہریوں کے ساتھ گھل مل گئے۔ادھرگندگی پھیلائے جانے کے پیش نظر گورنر ہاوس انتظامیہ نے آنے والے شہریوں کیلئے ضابطہ تبدیل کردیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق گورنرہاؤس کامخصوص حصہ اتوارکوفیملیز کیلئےصبح9سے دوپہر12،دوپہر2سے شام5بجےتک کھلا رہے گا۔ ترجمان گورنر ہاوس کا کہنا تھا کہ صرف شناختی کارڈکی حامل فیملیزہی اندر داخل ہوسکیں گی۔داخلہ صرف انارکلی گیٹ بالمقابل الحمرا آرٹ کونسل سے ہوگا آنیوالی فیملیز کھانے پینےکی اشیاءہمراہ نہ لائیں۔