بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں کیخلاف سکھر-عمرکوٹ-تھرپارکر میں مظاہرے
سکھر/عمرکوٹ (نمائندگان امت) بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں کیخلاف سکھر، عمرکوٹ، تھرپارکر میں مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے پرچم اور بھارتی آرمی چیف کا پتلا نذر آتش کیا۔ جناح ویلفیئر، بچہ یونین، پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی، سماجی، اقلیتی برادری نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کی جانب سے بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبھکیوں کیخلاف جناح چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین نے بھارتی پرچم اور بھارتی آرمی چیف کا پتلا نذر آتش کیا۔ مظاہرین نے بھارتی حکومت اور انڈین آرمی کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم پاک افواج کے شانہ بشاہ کھڑے ہیں۔ بھارتی حکومت کی پاکستان پر حملہ کی دھمکی کسی صورت قبول نہیں۔ پاکستان ایٹمی طاقت ہے ہم پرامن لوگ ہیں۔ ہم دنیا میں امن چاہتے ہیں ،پر بھارت اپنی دہشت گردی سے باز نہیں آتا وہ دنیا کا امن خراب کرنا چاہتا ہے۔ سکھر میں بچہ یونین کی جانب سے پریس کلب کے سامنے بھارتی آرمی چیف کے بیان کیخلاف مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی ۔اس موقع پر بچوں نے بھارتی پرچم نذر آتش کیا اور نعرے بازی کی ۔اس موقع پر بچوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بڑوں کے ساتھ ملک کے دفاع کیلئے کٹ مرنے کو تیار ہیں ۔اپنے پاک وطن کی جانب کسی کی میلی آنکھ برداشت نہیں کریں گےاور ہم فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔ پی ٹی آئی سکھر کے ضلعی صدر مبین احمد جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے ۔ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پی ٹی آئی کا ہر ایک کارکن ملک کی حفاظت کیلئے پاک فوج سے کندھے ملاکر سروں پر کفن باندھ کر میدان جنگ میں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع سیکریٹریٹ سکھر میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار کو اپنے پالتو آرمی چیف کو گلے میں پٹا باندھے۔ بصورت دیگر پاکستان کا بچہ بچہ ملک کی حفاظت کیلئے تیار ہے۔ ہندوستان کی گیدر دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں اور جنگی جنون کے بعد سندھ سے ملحقہ سرحدی اضلاع عمرکوٹ اور تھرپارکر سمیت پوری پاکستانی قوم جاگ اٹھی ہے۔ خصوصاً سندھ کی سرحدی اضلاع کی اقلیتی برادری میں جذبہ حب الوطنی جوش ولولہ قابل دید ہے۔