نئی دہلی(امت نیوز) بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ماؤ باغیوں نے فائرنگ کر کے معدنیات کی غیر قانونی کان کنی کے کئی مقدمات میں ملوث2 بھارت نواز اراکین اسمبلی کیدار سرویسوارا اور سابق رکن اسمبلی سیوری سوما کو قتل کردیا۔دونوں کا تعلق تیلگو دیشم پارٹی سے ہے ،جنہیں ماؤ باغیوں نے ضلع وشاکھا پٹنم میں گولیاں مار کر قتل کیا۔ دونوں رہنما علاقے میں کان کنی کے ایک معاہدے پر ماؤ باغیوں سے گفت و شنید کرنے گئے تھے کہ 40سے 50ماؤ باغیوں نے دھاوا بول دیا ،حملہ آوروں میں ماؤ باغی خواتین بھی شامل تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ رکن اسمبلی کو جن علاقوں کے دورے پر جانا تھا وہاں سیکورٹی انتظامات مکمل تھے ،لیکن وہ آخری وقت میں اپنا دورہ تبدیل کرتے ہوئے گاؤں دمبری گودا چلے گئے جو ماؤ باغیوں کے زیر تسلط ہے۔اراکین اسمبلی کے قتل کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ماؤ باغی اپنی جماعت کا ہفتہ تاسیس منا رہے ہیں۔ تاسیسی ہفتے کی اختتامی تقریب27 ستمبر کو ہوگی۔ مقتول رکن اسمبلی کیدار سرویسوارا راؤ 2016 میں کانگریس کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے ،لیکن بعد ازاں تیلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ وشاکھا پٹنم کا علاقہ قدرتی معدنیات خاص طور پر المونیم سے بھرپور دھاتی پتھر باکسائیٹ کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ مقتول رکن اسمبلی باکسائیٹ کی غیر قانونی کان کنی کے کئی مقدمات میں ملوث رہا ہے ۔ماؤ تحریک معدنیات کو حق سمجھتے ہوئے اپنا تسلط چاہتی ہے۔