عمران خان نااہلی کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج پیر کو ہو گی، عدالت عظمیٰ جعلی بنک اکاونٹس کیس کی سماعت کرے گی، ایف آئی اے کی درخواست پر عبدالمجید اورعبدالغنی مجید کے میڈیکل بورڈ بنانے سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہو گی۔چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔ یہی بنچ نقیب اللہ محسود قتل سے متعلق کیس کی بھی سماعت کرے گا جبکہ ججز اور سرکاری افسران کی دوہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہو گی۔چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بنچ وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت آج پیر کو کرے گا۔ یہی بینچ خود کار اسلحہ لائسنس کی منسوخی کیخلاف درخواست اور تطہیر بنت پاکستان کیس کی بھی سماعت کرے گا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بنچ دیا مر بھاشا اور مہمنڈ ڈیمز کی تشہیری مہم سے متعلق کیس کی سماعت پیر کے روز کرے گا۔کل (منگل) کے روز یہ بنچ کراچی میں پولیس اور ڈاکووں کے درمیان فائرنگ سے دس سالہ امل کے قتل کے حوالے سے از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔