کالا باغ ڈیم موضوع ملک کی سالمیت کیخلاف ہے۔مرتضیٰ وہاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے کالا باغ ڈیم کے خلا ف قرارداد جمع کرانا سستی شہرت حاصل کرنے کے مترادف ہے۔سندھ اسمبلی کئی سال قبل ہی کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختون اور بلوچستان کی اسمبلیوں نے بھی کالا باغ ڈیم کے خلاف قرارداد منظور کی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی عوامی مفادات کا سودا نہیں کیا، بلکہ عوامی رجحان اور سوچ کو ترجیح دی ہے۔کالا باغ ڈیم روز اول سے ہی ایک متنا زع موضوع ہے، جس سے قومی اور ملکی مفادات کو ضرب لگتی ہے ۔یہ موضوع پاکستان کی سالمیت کے بھی خلاف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا فرض ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور عوام کے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے قانون سازی میں اپنی خدمات پیش کریں تاکہ سندھ اور پاکستان میں مثبت اثرات مرتب ہوں۔