ماتحت عدالت سے ملنے والی سزا میں 2برس کی تخفیف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے بھتہ خوری اورغیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں ماتحت عدالت سے ملنے والی سزاؤں کے خلاف مجرم رانا محمد ثاقب کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سزا تخفیف کرکے 5سال کردی۔پیر کو جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے ماتحت عدالت سے ملنے والی سزاؤں کے اپیل کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل کو ماتحت عدالت نے بھتہ خوری اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں7سال سمیت دیگر سزائیں سنائی تھیں اور ماتحت عدالت نے دوران سماعت قانونی تقاضے پورے نہیں کیے جبکہ ماتحت عدالت کے فیصلے میں بھی سقم پایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی دہری شہریت میں بریت کے فیصلے خلاف دائر اپیل الیکشن کمیشن کی جانب سے واپس لینے پر خارج کردی۔سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے چائنا کٹنگ ، زمینوں پرقبضے اورشہریوں سے 32کروڑ فراڈ میں ضمانت سے متعلق شعیب نعیم، سہیل الیاس اور زنیب جہاں سمیت دیگر کی درخواستوں کی سماعت 24اکتوبر کے لیے ملتوی کردی۔