چینی باشندوں کیلئے قائم اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں 147اہلکار بھرتی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سی پیک اور چینی باشندوں کی سیکورٹی کیلئے قائم اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں 147 اہلکاربھرتی کر لئے گئے۔ آئی جی سندھ نے نوٹیفکیشن وتقرر نامے جاری کردیئے، تمام افراد کو سی ٹی ڈی اور آر آر ایف کے ذریعے بھرتی کیا گیا ہے، جنہیں پورے صوبے میں کہیں بھی تعینات کیا جاسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی پیک کے تحفظ کیلئے سندھ پولیس کے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں 147 ریکروٹس کی بھرتی کا نوٹیفکیشن آئی جی سندھ سید کلیم امام نے جاری کردیا۔ نئے بھرتی اہلکاروں کو سندھ میں سی پیک کے کسی بھی مقام یا چینی باشندوں کی سیکورٹی پر تعینات کیا جائے گا، جہاں انہیں کیمپس میں قیام کرنا ہوگا اور کم از کم 5 برس تک یہ اہلکار اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں ہی تعینات رہیں گے، اہلکاروں کو کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ اور ریپڈ رسپانس فورس کے ذریعے این ٹی ایس کے تحت بھرتی کیا گیا ہے۔