چیسٹ پین یونٹس کی تعداد17کردینگے-ندیم قمر

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے کہا ہے کہ این آئی سی وی ڈی اس سال کے اختتام تک چیسٹ پین یونٹس کی تعداد بڑھا کر17 کر دے گا، جہاں سے مفت ادویات کی فراہمی بھی شروع کی جائے گی، اسپتال میں سالانہ 5 لاکھ آؤٹ ڈور مریضوں کو 72کروڑ روپے کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں،وہ قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ورلڈ فارماسسٹس ڈے کے موقع پر آگہی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر چیف فارماسسٹس جبران بن یوسف بھی موجود تھے، کیمپ میں مریضوں کے مختلف بلڈ ٹیسٹ بھی کیے گئے اور ادویات کے استعمال سے متعلق آگہی دی گئی۔ پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی اور اس کے سیٹیلائیٹ سینٹرزصوبے کے ایسے اسپتال ہیں جہاں علاج معالجے سمیت ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں اور ان سے ایک روپیہ وصول نہیں کیا جاتا۔ کراچی میں سات چیسٹ اینڈ پین یونٹس کام کر رہے ہیں جن کی تعداد اس سال کے آخر تک بڑھا کر 17کر دی جائے گی ، جہاں فارمیسی سروسز بھی شروع کی جائیں گی اور وہاں سے بھی مفت ادویات کی فراہمی شروع کی جائے گی تاکہ این آئی سی وی ڈی پر جو رش بڑھتا جا رہا ہے اسے شفٹ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح فارمیسی کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ، مریضوں کو جو دوائیں دی جاتی ہیں اس پر لیبلنگ کی جاتی ہے اور اس پر پوری تفصیلات لکھی ہوتی ہیں کہ دوائیں کیسے کب استعمال کرنی ہیں ،دنیا میں فارمیسی کے شعبے میں بہتری کے لیے جو اسٹیٹ آف دی آرٹ اقدامات کیے جاتے ہیں ہم وہ سب کرتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ مریضوں کو بڑھتے ہوئے رش کو دیکھتے ہوئے سندھ بھر میں نو سیٹیلائیٹ سینٹرز کھولے ہیں جس کے نتیجے میں ہمارا 50فیصد لوڈ کم ہوا ہے ۔ چیف فارما سسٹس جبران بن یوسف کا کہنا تھا کہ اس کیمپ میں مریضوں کی مفت رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے اورخون کے مختلف ٹیسٹ بھی مفت کیے ہیں، انہوں نے بتایا کہ کراچی میں این آئی سی وی ڈی میں ایک ہزار مریضوں تک مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں،عالمی معیار کے مطابق پیکنگ کے ساتھ دوائیں دے رہے ہیں،ہر مریض کا الگ بیگ بنتا ہے اور یوں روزانہ بیس لاکھ روپے کی دوائیں مفت دے رہے ہیں، جو ماہانہ 6کروڑ روپے بنتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی سکھر میں روزانہ ڈھائی سو مریضوں کودس لاکھ روپے مالیت کی دوائیں مفت دی جاتی ہیں جو ماہانہ تین کروڑ بنتے ہیں، این آئی سی وی ڈی منفرد ادارہ ہے جو اپنے تمام سینٹرز پر او پی ڈی کے مریضوں کو سالانہ 72کروڑ کی ادویات مفت دیتا ہے اور یہ تمام دوائیں ملٹی نیشنل اداروں کی ہوتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More