شاہ محمود کی ٹرمپ سے ملاقات-تعلقات کے از سر نو آغازپر اتفاق
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور امریکہ نے نئے سرے سے تعلقات کا آغازکرنے پر اتفاق کیا ہے تفصیلات کے مطابق امریکہ کے دورے پر گئے پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان نئے سرے سے دو طرفہ تعلقات کے آغاز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ امریکی صدر نے وزیرِ خارجہ سے بات چیت میں وزیرِاعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کی ملاقات گزشتہ رات استقبالیہ کے دوران ہوئی جس میں پاک امریکہ تعلقات پر گفتگو کا موقع ملا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ سے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا ازسر نو آغاز چاہتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ان کی اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی پر گفتگو کی گئی۔