پولیس سے تنگ شہریوں نے بچوں کی حفاظت خود شروع کردی

0

کراچی (رپورٹ: خالد سلمان ) شہر قائد میں پولیس سے تنگ عوام نے اپنے بچوں کی خود حفاظت شروع کرتے ہوئے 2 روز کے دوران مختلف علاقوں سے 3 اغواکاروں کو رنگے ہاتھوں پکڑکر گرفتار کرا یا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے سیکٹر 33 ایف میں ملزم نذیر احمد میرانی نے 10 سالہ بچی دعا دختر محمد حسین کو اغوا کرنے کی کوشش کی اور اسے زبردستی اپنے رکشہ میں بٹھایا ،جس پر بچی نے شور شرابہ شروع کردیا، شور سن کر موقع پر موجود افراد نے ملزم کو پکڑا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا ،جبکہ اس کے رکشہ میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو سخت جدوجہد کے بعد مشتعل افراد کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کیا۔پولیس نے دعا کے والد محمد حسین کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 388/18 بجرم دفعہ 364- اے اور 511 کے تحت ملزم نذیر احمد میرانی کے خلاف درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا۔ شاہ لطیف کے علاقے میں بھی مکینوں نے 7 سالہ بچی مہوش کے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم خالد محمودکو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ بچی کو عبداللہ گوٹھ سے اغوا کی کوشش کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں 10 محرم الحرام کی شب زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سیکٹر 51 -C میں شہریوں نے اغوا کار عبدالخالق کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ۔ گرفتار ملزم عبدالخالق 15 روز قبل افغانستان سے کراچی آیا اور مذکورہ مقام پر کچرا چن رہا تھا کہ اسی دوران اس نے گلی میں کھیلنے والے بچے 3 سالہ ارسلان کو پکڑنے کے بعد بوری میں ڈال کر اٹھا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا 6 رکنی گروہ ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More