گڈانی کسٹمز نوٹس کے بعد تیل اسمگلروں پر خاموش

0

حب (نمائندہ امت) گڈانی کسٹمز مہلت گزرنے کے 5 روز بعد بھی غیر قانونی ایرانی ڈیزل کے ڈمپنگ اسٹیشنز و دکانوں کیخلاف آپریشن کرنے سےگریزاں ہے، ڈیلرز کو کاروبار بند کرنے کیلئے 4 دن کی مہلت دی گئی تھی، علاقے میں مکران ڈویژن سے ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ عروج پر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گڈانی کسٹمز نے اسمگلروں اور ڈیزل مافیا کو17ستمبر کو حتمی نوٹس جاری کیا تھا، جس میں حب سمیت لسبیلہ بھر میں تمام غیر قانونی پمپس کو 4دن میں بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا، تاہم نوٹس کے بعد ڈیزل اسمگلنگ میں مزید تیزی آگئی ہے اور کسٹم و لسبیلہ پولیس مختلف چوکیوں پر ڈیزل اسمگلروں سے یومیہ لاکھوں بھتہ وصول کررہی ہے۔ واضح رہے کہ لسبیلہ بھر میں سیکڑوں غیرقانونی پمپس قائم ہیں، جہاں بسوں سمیت دیگر گاڑیوں میں لایا گیا لاکھوں لیٹر ایرانی ڈیزل ڈمپ کرکے کراچی اسمگل کیا جارہا ہے۔ ایرانی ڈیزل کے اسمگلر کسٹم اور پولیس کو بھاری رشوت دیکر کھلے عام مذموم کاروبار کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کسٹم نوٹس کے بعد کوئی غیر قانونی پمپ بند نہیں کیا گیا بلکہ خفیہ راستوں کے بجائے اب ایرانی ڈیزل سے لدی بسیں اوردیگر گاڑیاں شہری آبادی اور گلی محلوں میں گزرتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More