صحافیوں پر بغاوت کے مقدمات پر سی پی این ای کا اظہار تشویش
کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز(سی پی این ای) کے صدر عارف نظامی، سینئر نائب صدر امتنان شاہد اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے ایک مشترکہ بیان میں پیشہ ورانہ صحافتی ذمہ داری کی ادائیگی کی بنیاد پر پاکستان میں صحافیوں پر بغاوت کے مقدمات قائم کرنا اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام ریاستی و غیر ریاستی اداروں سے میڈیا کی آزادی کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے کیونکہ میڈیا کی آزادی سے جمہوری کلچر کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اخبارات کے ایڈیٹروں کی نمائندہ تنظیم سی پی این ای یہ سمجھتی ہے کہ پاکستان کے آئین میں اظہار خیال کی آزادی کی ضمانت دی گئی ہے اور کسی بھی صحافی کو سابقہ وزیر اعظم کا انٹرویو کرنے پر بغاوت کا الزام لگانا کوئی مناسب اقدام نہیں کیونکہ صحافتی فرائض کی انجام دہی کوئی جرم نہیں ہے۔ سی پی این ای کے رہنماوٴں نے مزید کہا کہ پاکستان میں میڈیا کا پوری ذمہ داری سے اپنی تحقیق کے مطابق دی جانے والی اشاعت کی ذمہ داری قبول کرنا پیشہ ورانہ صحافتی اصولوں کے عین مطابق ہے، لہٰذا امید کی جاتی ہے کہ آئین وقانون کی سربلندی کا احترام کرتے ہوئے پاکستان کے صحافی سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے خارج کیا جائے گا متذکرہ صحافی کو بھی عدالتی کاروائی کو کھلے دل سے قبول کرتے ہوئے اعلیٰ عدالتوں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔