بیک وقت 3طلاقیں جرم قراردی جائیں-اسلامی نظریاتی کونسل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ کونسل نے بیک وقت تین طلاقوں کو قابلِ تعزیر قراردینے کی تائید کی ہے۔اسلام آباد میں اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد چیئرمین کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بیک وقت تین طلاقیں بڑا معاشرتی مسئلہ بن گیا ہے، کونسل نے بیک وقت 3طلاقوں کو جرم قرار دینے کی تائید کردی ہے اور سزا کے لئے علمائے کرام سے مشاورت کی جائے گی۔ڈاکٹرقبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ کونسل نے جامع طلاق نامہ بنانے پربھی اتفاق کیا ہے، طلاق نامہ تشکیل دے کروفاقی حکومت کوبھجوائیں گے جب کہ بیک وقت تین طلاقوں کےمعاملے پر بہت جلد کانفرنس بھی بلائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ 16سے 18سال سے کم عمر بچے کم سن کہلاتے ہیں اور اسلامی نظریاتی کونسل کم عمری کی شادی کی حوصلہ شکنی کرتی ہے جب کہ حکومت اس حوالے سے آگاہی مہم شروع کرے۔