مقبوضہ کشمیر میں پھر کیمیائی ہتھیار استعمال ہونے کا انکشاف

0

لاہور(نمائندہ امت)حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے چیئرمین سید علی گیلانی نے انکشاف کیا ہے کہ چند دن قبل بانڈی پورہ میں بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیاجس سے شہید ہونے والوں کی لاشیں قابل شناخت نہیں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسی ظالمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جو کہ بین الاقوامی جنگی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔حریت چیئرمین نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی وحشیانہ کارروائی پراقوام متحدہ کے جنگی ٹربیونل کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنی افواج کو جدید مہلک ہتھیاروں سے لیس کرتے ہوئے ریاستی عوام کے خلاف ایک باضابطہ جنگ چھیڑ رکھی ہے جس میں کیمیائی ہتھیاروں کے علاوہ ڈرون، پیلٹ گن، مرچی گیس وغیرہ جیسے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے نہتے عوام اور بالخصوص نوجوان نسل کو ناکارہ ،اپاہج، اندھا اور معذور بنائے جانے سے گریز نہیں کیا جا رہا ۔ کشمیری قائد نے سول آبادی کے خلاف جنگی جرائم ارتکاب کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام ان مذموم حربوں سے اپنی تحریک حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہو سکتے، جس کیلئے آج تک انہوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔انہوں نے الیکشن بائیکاٹ کو عوام کا جمہوری حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے روز لوگ ریاست کیلئے چپے چپے پر سول کرفیو نافذ کرنے کیلئے آج ہی سے اپنے آپ کو تیار رکھیں۔

لاہور(نمائندہ امت)بھارت مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد پنچایت اور بلدیاتی الیکشن کا ڈرامہ رچانے کیلئے فوج کی مزید 4سو کمپنیاں تعینات کرے گا۔ بھارتی فورسز کی اتنی بڑی تعداد میں تعیناتی سے ظلم و دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ مقامی کشمیریوں کا کہنا ہے کہ انڈیا تحریک آزادی کچلنے میں ناکامی پر تازہ دم فوج تعینات کر رہا ہے۔ ادھر حریت کانفرنس کے قائدین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے کشمیری عوام سے انتخابات کا بائیکاٹ کی اپیل کر دی ۔ امت کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے کچھ عرصہ قبل امر ناتھ یاترا کے بعد بیس ہزار فوجی اہلکار حساس علاقوں میں اضافی تعینات کئے تھے تاہم حالیہ دنوں میں ایک مرتبہ پھر بھارتی فوج کی چار سو اضافی کمپنیاں تعینات ہوں گی۔بھارتی فوج کی اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کا انکشاف مقبوضہ کشمیر کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبرامنیم نے سری نگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More