سندھ اسمبلی میں لبیک یا رسول اللہ کی گونج – ہالینڈ کی مذمت

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں ‘‘ لبیک یا رسول اللہ’’ کی گونج نے ماحول گرما دیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ وہ ختم نبوتؐ پر کبھی حرف آنے نہیں دیں گے ،جس پر حکومتی پارٹی کے اراکین نے تحریک لبیک کے پارلیمانی لیڈر قاری محمد قاسم کے ساتھ یکجہتی کے طور پر اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔ تحریک لبیک کے پارلیمانی لیڈر قاری محمد قاسم نے بجٹ پر عام بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں تمام پارٹیوں کے رویہ پر افسوس ہوتا ہے۔ بعض اوقات بعض ارکان اخلاق سے باہر ہوجاتے ہیں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ عوام کیلئے مخلص ہو کر مقدس ایوان میں نہیں آتے ہیں ۔ان میں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آتی ،جبکہ انہیں اسلام اور ختم نبوتؐ کی پاسداری کرنی چاہیے۔ انہوں نے پچھلے دنوں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا ذکر کیا اور ہالینڈ حکومت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ نبیؐ کی شان سے بڑھ کر کسی کی شان نہیں۔ ہم سب مسلمان ہیں ۔انہوں نے ایوان میں موجود حکومتی پارٹی کے ارکان سے درخواست کی کہ وہ ختم نبوتؐ پر اظہار یکجہتی کیلئے ان کے ساتھ ایوان میں کھڑے ہوجائیں ۔اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ وہ ان کے ساتھ ہیں ،حکومتی پارٹی کے اراکین اپنی نشستوں پرکھڑے ہوگئے ۔یہ سندھ اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ اپوزیشن کی درخواست پر حکومتی ارکان نے بھرپور ساتھ دیا۔ تحریک لبیک کے پارلیمانی لیڈر قاری محمد قاسم نے ‘‘لبیک، لبیک یارسول اللہ’’ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنا خطاب جاری رکھا۔ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب بلدیہ ٹاؤن کے مسائل بیان کئے اور حکومت سندھ سے اپیل کی کہ وہ اس کے علاقے کے پانی، سیوریج، تعلیم اور صحت کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مدارس اور مساجد کے پانی اور بجلی کے بلز ختم کئے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More