ڈکیتی میں نوجوان کےقتل پر اتحاد ٹاؤن میں احتجاج
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کے قتل کے خلاف مکینو ں نے شدید احتجاج کیا۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ پولیس جرائم روکنے میں ناکام ہوگئی ۔مقتول ساجد کے قاتلوں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود مکان نمبر 1703عابدآباد بلاک Bنزد اللہ والی مسجد کے قریب گھر کے باہر بیٹھے20سالہ ساجد ولد حسین احمد کو موٹرسائیکل سوار 2ڈکیتوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ،عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ و اردات کے وقت علاقے میں بجلی بند تھی ، مقتول نے ایک ڈکیت کوپکڑ لیا تھا جس پر دوسرے ملزم نے ساجد کو گولی ماری ۔ اہل محلہ کے شور مچانے پر ملزمان سامان اور موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔گزشتہ روز مقتول کی نمازجنازہ کے بعد علاقہ مکینوں نے ہزارہ خدمت خلق کمیٹی کے چیئرمین نعیم تنولی کی قیادت میں بڑھتے ہوئے جرائم اور ساجد کے قتل کے خلاف احتجاج کیا ۔نعیم تنولی نے کہا کہ عابد پولیس چوکی کو اب گریڈ نفری میں اضافہ اور گشت کو بڑھایا جائے ۔ ساجد کے قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے ۔اس موقع پر علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ مقتول کا آبائی تعلق مانسہرہ سے تھا اور وہ 5بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور فرسٹ ایئرکا طالب علم تھا۔