چیلنجزکیخلاف اداروں کو ملکرکام کرنا ہوگا-جنرل باجوہ
راولپنڈی(خبرنگارخصوصی) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اداروں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔پاک فوج ملک میں پائیدار سماجی اور اقتصادی بہبود کی خاطر سازگار ماحول قائم کرنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کرتی رہے گی،اپنی بقاء کیلئے مزید چوکنا رہنے اور درست سمت میں آگے بڑھنا ہوگا، مشکل وقت گزر چکا، اب امن کی مکمل بحالی کا مرحلہ ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ایئر یونیورسٹی میں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے ’تحفظ پاکستان‘ کے عنوان سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس تین روزہ کانفرنس کا عنوان "بنیاد پرستی: تعلیمی اداروں میں حقائق، تصورات اور درپیش چیلینجز” تھا،اپنے خطاب میں آرمی چیف نے تفصیلی طور پر ملک کی سلامتی اور پاکستان اور خطے میں پائیدار امن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے پرامن ماحول فراہم کرے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ اپنی بقاء کیلئے مزید چوکنا رہنے اور درست راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے، مربوط قومی پالیسی کے ذریعے ہی تمام خطرات سے نمٹا جا سکتا ہے۔