پی پی رکن نے سینیٹ کیلئےووٹ خریدنے کا اعتراف کر لیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) پی پی رکن اسمبلی تیمور تالپور نے اعتراف کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی نے ووٹ خریدےتھے ۔نجی ٹی وی کے مطابق سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران پیپلزپارٹی کےرکن تیمور تالپور نے جوش خطابت میں کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جس رکن نے پیپلزپارٹی کو ووٹ بیچا تھا وہ آج بھی ایوان میں بیٹھا ہے جب کہ نصرت سحر عباسی کے شوہر کو بھی پیپلزپارٹی نے ہی سرکاری ملازمت دی تھی۔تیمور تالپور کے اس جملے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا تاہم وہ مسلسل بولتے رہے۔ جی ڈی اے اور پی ٹی آئی ارکان اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں احتجاجا واک آؤٹ کرگئے۔واک آؤٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے کہا کہ تیمور تالپور نے ایوان کے فلور پر ووٹ خریدنے کا اعتراف کیا ہے۔ چیف جسٹس تیمور تالپور کے اعترافی بیان کا نوٹس لیں۔اپوزیشن نےاعترافی بیان کی ویڈیو الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا اعلان بھی کیا ۔